تاثیر 21 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 21 اگست:نائب صدر کے عہدہ کے انتخاب میں انڈیا اتحاد کے امیدوار بی سدرشن ریڈی نے جمعرات کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس دوران کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدوار سی پی رادھا کرشنن نے بدھ کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔نائب صدر کا انتخاب 9 ستمبر کو ہونا ہے۔ 21 اگست یعنی آج نامزدگی کا آخری دن ہے۔ فی الحال عددی اعتبار سے این ڈی اے کی بالادستی ہے۔ دونوں ایوانوں کی مجموعی گنجائش 788 ہے، جس میں ایک لوک سبھا اور پانچ راجیہ سبھا سیٹیں خالی ہیں۔ یعنی دونوں ایوانوں کی موثر تعداد 782 ہے۔ فی الحال این ڈی اے کی پوزیشن اچھی ہے۔ اس وقت لوک سبھا میں 542 ممبران ہیں جن میں سے 293 این ڈی اے کے ہیں۔ راجیہ سبھا کی موثر تعداد 240 ہے جس میں 129 ممبران این ڈی اے کے ہیں۔

