تاثیر 22 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
غازی آباد، 22 اگست : اندرا پورم پولیس اسٹیشن نے ایک شاطرلٹیرا کو گرفتار کیا ہے جو غازی آباد، ہاپوڑ اور دہلی میں راہگیروں سے موبائل فون اور چین چھینتا تھا۔ پولیس کی گولی لگنے سے لٹیرا زخمی ہو گیا۔ اس کے قبضے سے 1 غیر قانونی پستول، 1 خالی کارتوس، 1 زندہ کارتوس اور 1 مسروقہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
جمعرات کی رات ہنڈن نہر 5/6 کے پل پر چیکنگ کے دوران اندرا پورم پولیس اسٹیشن نے کنوانی پل کی سمت سے آنے والے ایک موٹر سائیکل سوار شخص کو روکنے کی کوشش کی۔ خود کو پولیس کے گھیرے میں دیکھ کر موٹرسائیکل سوار شخص نے اپنی موٹرسائیکل واپس موڑ دی اور فرار ہونے کی نیت سے کنوانی پل کی طرف بھاگنے لگا۔ پولیس پارٹی نے اس کا پیچھا کیا تو موٹر سائیکل پر سوار شخص نے پستول نکال کر پولیس پر سیدھی فائرنگ کردی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ جس سے ملزم کی ٹانگ میں گولی لگی اور وہ زخمی ہوگیا۔ پولیس نے زخمی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ زخمی ملزم نے اپنا نام محمد عامر قریشی ساکن اسلامیہ مدرسہ کے پیچھے تھانہ لونی بتایا۔

