تاثیر 23 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 23 اگست : ووٹر لسٹ پر خصوصی نظر ثانی شروع کرنے سے پہلے، الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر ریاستوں کے چیف الیکٹورل افسران کو خط بھیج کر تیاریوں کے بارے میں تازہ معلومات مانگی ہے۔ کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ تمام ریاستوں کو 29 اگست تک قومی الیکشن کمیشن کو اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔
ایک عہدیدار نے ہفتہ کو بتایا کہ کمیشن نے قبل ازیں 5 اگست کو ایک حکم جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ الیکشن سے متعلق اسامیوں کو جلد از جلد پْر کیا جائے اور ضروری تیاری مکمل کی جائے۔ اب جمعہ کو جاری کردہ تازہ خط میں اسی ہدایت کی یاد دہانی کرائی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اسامیوں کی صورتحال اور مجموعی تیاریوں کے بارے میں بروقت معلومات فراہم کی جائیں۔
اسی دن یعنی 29 اگست کو شام کو مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر منوج اگروال نے تمام پارٹیوں کی میٹنگ بلائی ہے، جس میں پولنگ اسٹیشنوں کی از سر نو ترتیب پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
نئی ہدایات کے مطابق ایک بوتھ پر زیادہ سے زیادہ 1200 ووٹر ہوں گے۔ اس قاعدے کے تحت ریاست کے 80,680 پولنگ اسٹیشن اب بڑھ کر 94,000 سے زیادہ ہو گئے ہیں۔ اضافی 14,000 بوتھس کی فہرست پہلے ہی تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو سونپ دی گئی ہے۔ اس موضوع پر 21 اگست کو کل جماعتی اجلاس ہونا تھا لیکن اسے ملتوی کر دیا گیا اور اب 29 اگست کو ہو رہا ہے۔

