تاثیر 23 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
اسلام آباد/ ڈھاکہ، 23 اگست: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار بنگلہ دیش کے دو روزہ دورے پر آج ڈھاکہ پہنچ رہے ہیں۔ دفتر خارجہ نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا کہ ڈار راولپنڈی کے نور خان ایئربیس سے روانہ ہوئے ہیں۔پاکستان کے اخبار ڈان کے مطابق دفتر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ ملک کا کوئی وزیر خارجہ تقریباً 13 سال کے وقفے کے بعد بنگلہ دیش کا دورہ کر رہا ہے۔ اس سے قبل نومبر 2012 میں حنا ربانی کھر نے بنگلہ دیش کا چھ گھنٹے کا دورہ کیا تھا تاکہ اس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کو اسلام آباد میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں باضابطہ طور پر مدعو کیا جا سکے۔
بنگلہ دیش کے اخبار ڈیلی اسٹار کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ ڈار بنگلہ دیش کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر آج ڈھاکہ پہنچیں گے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ کل سب سے پہلے بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ توحید حسین سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وہ عباوری حکومت کے سربراہ پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کریں گے۔

