تاثیر 26 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
احمد آباد، 26 اگست: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو گجرات کے ہنسل پور میں واقع سوزوکی موٹر پلانٹ سے کمپنی کی پہلی عالمی حکموت عملی پر مبنی بیٹری الیکٹرک گاڑی (بی ای وی ) ’ای-وٹارا‘ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ہندوستان میں تیار ہونے والی اس الیکٹرک کار کو یورپ اور جاپان جیسی جدید مارکیٹوں سمیت 100 سے زیادہ ممالک میں برآمد کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اب جب یہ الیکٹرک گاڑیاں دنیا کے درجنوں ممالک میں سڑکوں پردوڑیں گی تو ان پر ’میڈ ان انڈیا‘ لکھا ہوگا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گنیش اتسو کے اس جشن میں آج ہندوستان کے ’میک ان انڈیا‘ اور ’میک فار دی ورلڈ‘ کے سفر میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔ آج سے ہندوستان میں بنی الیکٹرک گاڑیاں 100 ممالک کو برآمد کی جائیں گی اور ہائبرڈ بیٹری الیکٹروڈ کی مینوفیکچرنگ بھی شروع ہو رہی ہے۔ یہ دن ہندوستان اور جاپان کی دوستی کو ایک نئی جہت دینے والا ہے۔ وزیراعظم نے اس کامیابی پر ہم وطنوں، جاپان اور سوزوکی کمپنی کو مبارکباد دی۔

