تاثیر 27 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، بہار (شارق رحمانی)
کرکٹ سے عشق اور لگن جب محنت سے جڑ جائے تو کامیابی خود بہ خود قدم چومتی ہے۔ یہی کہانی ہے اسد جمالی کی، جو شروع ہی سے کرکٹ کے دلدادہ رہے ہیں۔ بچپن ہی سے انہیں کرکٹ سے بے پناہ لگاؤ تھا، اور اسی جذبے کے ساتھ انہوں نے دن رات محنت کر کے اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔
آج وہ بہار کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ اسد جمالی ایک ماہر فاسٹ بولر ہیں جن کی تیز رفتار اور نپی تلی گیندوں نے نہ صرف مخالف بلے بازوں کو پریشان کیا بلکہ کوچز اور سلیکشن کمیٹی کو بھی متاثر کیا۔ ان کی شاندار کارکردگی کے نتیجے میں انہیں ISCL بہار میں جگہ ملی ہے، جو ان کے کھیل کی دنیا میں ایک بڑی کامیابی ہے۔
اسد جمالی کا تعلق خانقاہ سلیمانیہ، پھلواری شریف، پٹنہ سے ہے۔ ان کی اس کامیابی پر اہلِ خانہ اور علاقے کے لوگوں نے فخر اور مسرت کا اظہار کیا خصوصا ان کے چچا محمد خبیب احمد نے۔ پھلواری شریف کی عوام نے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسد جمالی نے علاقے کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اسد جمالی کی یہ کامیابی صرف ذاتی نہیں بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ افتخار ہے۔ کھیل کے ماہرین بھی ان کی صلاحیتوں کو بہار کے کرکٹ کے لیے نیک شگون قرار دے رہے ہیں۔ اگر وہ اسی طرح محنت جاری رکھتے ہیں تو مستقبل قریب میں وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہار اور ملک کا نام روشن کریں گے۔
یہ کامیابی اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ بہار کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف مواقع اور رہنمائی کی ہے۔ اسد جمالی آج کے نوجوانوں کے لیے ایک جیتی جاگتی مثال ہیں کہ لگن اور مستقل مزاجی سے خوابوں کو حقیقت بنایا جا سکتا ہے۔

