نالندہ میں ریاستی وزیر شرون کمار اور رکن اسمبلی پر گائوں باشندگان نے کیا حملہ، جان بچانے کے لئے ایک کیلو میٹر بھاگنا پڑا

تاثیر 27 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بہارشریف(محمددانش)نالندہ ضلع میں منگل کو ایک بڑا معاملہ پیش آیا ہے۔ جہاں گائوں باشندگان نے ریاستی وزیر شرون کمار اور مقامی رکن اسمبلی کرشن مراری عرف پریم مکھیا پر جان لیوا حملہ کردیا۔ ا س دوران دونوں نیتائوں کو جان بچانے کے غرض سے قریب ایک کیلو میٹر تک دوڑنا پڑا۔ اس حملے میں ریاستی وزیر کے باڈی گارڈ سمیت کئی لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔ جس میں کچھ لوگوں کے سر میں شدید طور پر چوٹیں آئی ہیں۔ حالات بگڑتے دیکھ پولس جوانوں کی تعیناتی کی گئی ہے ۔ اور پورے علاقے کو چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ گائوں باشندگان کا الزام ہے کہ اب تک انہیں معاوضہ نہیں ملا ہے ۔ جس کے وجہ کر پورے گائوں کے لوگوں کا غصہ ساتویں آسمان پر دیکھنے کو ملا۔ معلوم ہو کہ تین دن قبل دردناک سڑک حادثے میں کل 9؍لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ یہ سبھی لوگ ضلع کے ہلسہ تھانہ حلقہ کے ملاماں گائوں کے باشندہ تھے۔ اس دردناک حادثے میں شکار ہوئے لوگوں کے اہل خانہ سے ملنے ریاستی وزیر شرون کمار اور مقامی رکن اسمبلی کرشن مراری عرف پریم مکھیا مذکورہ گائوں پہنچے تھے۔ جب یہ دونوں لیڈر اہل خانہ سے مل رہے تھے تو اسی درمیان سبھوں نے کہا کہ جس دن حادثہ پیش آیا تھا اس دن دلاسہ دیا گیا تھاکہ معاوضہ دیاجائے گا۔ مگر آج تک معاوضہ کی رقم نہیں دی گئی ہے۔ اس کے بعد جب یہ دونوں لیڈران واپس آنے لگے تو گائوں باشندگان احتجا ج کرناشروع کردیا۔ اور دیکھتے ہی دیکھتے دونوں لیڈرانوں پر گائوں باشندگان نے جان لیواحملہ کردیا۔