تاثیر 30 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) گوپال نارائن سنگھ یونیورسٹی جموہار کے کھیل میدان میں قومی کھیل دن کے موقع پر باسکٹ بال مقابلہ کا انعقاد کیا گیا ۔ اس مقابلہ میں گوپال نارائن سنگھ یونیورسٹی کی ٹیم کے علاوہ نارائن ورلڈ اسکول جموہار، نارائن میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل جموہار اور بھوجپور آرا کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر گوپال نارائن سنگھ یونیورسٹی کے اسپورٹس ڈائریکٹر راجیو رنجن، اسپورٹس ٹیچر رجنیش، پوجا اور این ایس ایس کوآرڈینیٹر ویدانت کمار پرجاپتی، اوم ستیم وغیرہ موجود تھے ۔ پنکج کمار اور پشکر نے گیم کے ججز کا کردار ادا کیا ۔ اس موقع پر منعقدہ مقابلہ میں فائنل میچ بھوجپور آرا اور نارائن میڈیکل کالج کی ٹیم کے درمیان ہوا جسمیں بھوجپور آرا کی ٹیم نے شاندار کارکردگی اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76-37 کے اسکور سے شاندار فتح درج کرائی ۔ مین آف دی میچ کنال سنگھ رہے جنہوں نے اپنے شاندار کھیل سے ٹیم کو یادگار فتح دلائی ۔ مہمان خصوصی کے طور پر سکریٹری گووند نارائن سنگھ، ڈائریکٹر سدیپ کمار سنگھ، ڈاکٹر مونیکا سنگھ، ڈاکٹر ابھیلاشا، مسز نروپما سنگھ، ڈاکٹر منیش اپادھیائے، ڈاکٹر وشال سنگھ، ڈاکٹر نریندر سنگھ موجود تو تھے ہی بڑی تعداد میں شائقین بھی موجود تھے ۔ یہ تقریب ہاکی کے جادوگر میجر دھیان چند کی یاد میں منعقد کی گئی تھی ۔ اس ایونٹ نے طلباء کو کھیل، ٹیم ورک اور لگن کی حقیقی ترغیب دی ۔

