تاثیر 30 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کانپور، 30 اگست: امریکہ کی جانب سے بھارتی چمڑے کی صنعت پر 50 فیصدمحصولات عائد کرنے سے برآمد کنندگان کو شدید دھچکا لگا ہے۔ امریکہ کے اس فیصلے کے بعد تقریباً 20 فیصد تجارت رک گئی ہے، جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اتر پردیش کے ضلع کانپور میں چمڑے کی صنعت کے عہدیداروں کی میٹنگ میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ اب امریکہ کے ساتھ تجارت نہیں کی جائے گی۔
کانپور کی چمڑے کی صنعت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب مقامی کمپنیاں بناکر اپنی زیادہ مصنوعات ہندوستانی بازاروں میں فروخت کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اپنی مصنوعات کو افریقہ اور روس جیسے ممالک کو برآمد کیا جائے گا۔ اس کا ایک اور فائدہ یہ ہوگا کہ ان ممالک کے ساتھ ہمارے تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے۔ یہ بات لیدر ایکسپورٹ کونسل کے علاقائی صدر اسد عراقی نے ہفتے کے روز کہی۔
کانپور میں چمڑے کی بنی مصنوعات کا کاروبار بہت بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔ یہاں چھوٹے اور بڑے سمیت 400 سے زائد ٹینریز ہیں۔ اس سے پہلے کووڈ کی وجہ سے کاروبار بہت کم ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے یہاں کے مہاجر مزدوروں نے روزی روٹی کمانے کے لیے اپنے گھروں کا رخ کیا تھا۔ گو کہ حالات آہستہ آہستہ پٹری پر آگئے لیکن امریکہ نے ایک بار پھر ٹیرف لگا کر چمڑے کی صنعت کی رفتار سست کر دی ہے، جس کی وجہ سے کہیں نہ کہیں20 سے 25 فیصد کاروبار متاثر ہوگا۔

