تاثیر 1 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، یکم ستمبر : آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن (اے آئی ٹی اے) کے زیراہتمام ہندوستان کی واحد پیشہ ورانہ ٹینس پریمیئر لیگ (ٹی پی ایل) اب اپنے ساتویں سیزن کے لیے تیار ہے۔ یہ سیزن 9 سے 14 دسمبر تک گجرات یونیورسٹی ٹینس اسٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ پہلی بار مہاراشٹر سے باہر منعقد ہونے والا یہ سیزن لیگ کے سفر میں ایک نیا باب ثابت ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی ٹی پی ایل ہندوستان میں مسلسل ساتویں سیزن کا سنگ میل حاصل کرنے والی چوتھی اسپورٹس لیگ بن گئی ہے۔
اس بار لیگ میں آٹھ فرنچائزز حصہ لیں گی، جنہیں لینڈر پیس، ثانیہ مرزا، مہیش بھوپتی، راکل پریت سنگھ اور سونالی بیندرے جیسے لیجنڈز کی حمایت حاصل ہے۔ اے ٹی پی رینکنگ 30 سے50 کے درمیان بین الاقوامی ٹینس اسٹارز ٹورنامنٹ میں کورٹ میں اتریں گے۔ دو بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن روہن بوپنا سمیت ہندوستان کے ٹاپ کھلاڑی میدان میں نظر آئیں گے۔ ٹی پی ایل اپنے منفرد 25 نکاتی فارمیٹ کے لیے جانا جاتا ہے، جس نے اسے کھیل کا ایک نیا تجربہ پیش کرنے والی تیز رفتار اور دلچسپ لیگ بنا دیا ہے۔
تیزی سے ابھرتے ہوئے کھیلوں کے مرکز کے طور پر، احمد آباد اس ایونٹ کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم ہوگا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران، ٹی پی ایل نے گجرات اسٹیٹ ٹینس ایسوسی ایشن کے ساتھ مختلف عمر کے گروپوں کے مقابلے منعقد کرنے کے لیے تعاون کیا ہے اور ریس ٹو گولڈ اسکالرشپ کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کی مدد بھی کی ہے۔

