تاثیر 2 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ہگلی، 02 ستمبر: پیر کی رات تقریباً 9 بجے ہوگلی اسٹیشن پر کھڑی ہاوڑہ-بردوان لوکل ٹرین میں اچانک آگ لگنے سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ٹرین کے دوسرے اور تیسرے ڈبے کے درمیان سے اچانک دھواں اور ہلکے شعلے اٹھنے لگے، جسے دیکھ کر مسافر گھبرا گئے اور فوراً ٹرین سے نیچے اتر گئے۔
ذرائع کے مطابق جیسے ہی ٹرین اپنے مقررہ وقت پر ہوگلی سٹیشن پر پہنچی تو بوگیوں کے درمیان سے دھواں اور آگ کے بادل نظر آنے لگے۔ مسافروں نے فوری طور پر گارڈ کو اطلاع دی اور کچھ ہی دیر میں ریلوے ملازمین موقع پر پہنچ گئے اور بروقت صورتحال پر قابو پالیا۔ ٹرین کو کچھ دیر کے لیے روکا گیا اور آگ مکمل طور پر بجھانے کے بعد اسے بحفاظت بردوان روانہ کر دیا گیا۔
ایسٹ ریلوے کے تعلقات عامہ کے افسر دپتمے دتہ نے کہا کہ ڈبوں کو جوڑنے والے حصے میں بجلی کے کئی تار ہیں۔ اگر کسی جگہ پر کوئی ڈھیلا پن ہو تو رگڑ سے چنگاری پیدا ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے یہ آگ لگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور ریل خدمات پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔

