تاثیر 3 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 3 ستمبر:جموں ڈویڑن کے اکھنور علاقے میں دریائے چناب بدھ کو مسلسل موسلا دھار بارشوں کے بعد خطرے کے نشان سے اوپر بہنے لگا، جس کے نتیجے میں ایک مندر زیر آب آگیا جبکہ متعدد دیہات کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہوگیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کوٹلی گاؤں کے کئی مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے، جبکہ حمیرپور کی رہائشی بستیوں میں بھی پانی بھر جانے سے سڑک رابطہ ٹوٹ گیا اور گاؤں مکمل طور پر تنہا ہوگیا۔اس صورتحال پر جموں (رورل) پولیس نے عوامی مشورہ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریا کے کناروں سے دور رہیں اور بچوں کو ہرگز گھروں سے باہر نہ نکلنے دیں۔
انتظامیہ کے مطابق گڑکھل گرام پنچایت میں گجر برادری کے تقریباً 40 افراد پانی میں پھنس گئے تھے جنہیں نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔

