گنیش وسرجن کے لیے جانے والے گاؤں والوں کو بولیرو نے روندا، 3 ہلاک، متعدد زخمی

تاثیر 3 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جش پور/ رائے پور 3 ستمبر: چھتیس گڑھ کے جش پور ضلع میں، منگل کی رات دیر گئے گنیش وسرجن کے لیے جا رہے گاؤں والوں پر ایک بولیرو گاڑی چڑھ گئی۔ حادثے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 20 سے زائد زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو بگیچہ اسپتال لے جایا گیا۔ شدید زخمیوں کو امبیکاپور ریفر کر دیا گیا ہے۔ گاؤں والے گنیش وسرجن کے لیے بگیچہ تھانے کے جوروڈانڑ جا رہے تھے۔
گنیش وسرجن میں شامل عینی شاہدین کے مطابق بولیرو گاڑی رائکیرا سے آ رہی تھی اور تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر سیدھی بھیڑ میں گھس گئی۔ حادثے کے وقت وسرجن جلوس میں 100 سے زیادہ لوگ شامل تھے، جو گنپتی مورتی کے ساتھ تالاب کی طرف جا رہے تھے۔ تیز رفتار بولیرو کی ٹکر سے لوگ نیچے گر گئے اور متعدد افراد گاڑی کے نیچے دب گئے۔ اس سے وہاں افراتفری پھیل گئی۔ حادثے میں اروند (19 سال)، وپن کمار پرجاپتی (17 سال)، کھیروتی یادو (32 سال) کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
اس کے بعد مشتعل ہجوم نے ڈرائیور کو پکڑ کر بری طرح پیٹا۔ گاڑی میں سوار دیگر افراد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور زخمیوں کو بگیچہ اسپتال لایا گیا۔ جہاں طبی ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور شدید زخمیوں کو فوری طور پر امبیکاپور ریفر کر دیا گیا۔