تاثیر 4 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) حالیہ دنوں میں روہتاس ضلع میں مختلف مقامات پر حکومت کی عوامی فلاحی اسکیموں کی تشہیر کے لئے لگائے گئے سرکاری ہورڈنگ کو سماج دشمن عناصر کی جانب سے نقصان پہنچانے کے بارے میں اطلاعات موصول ہوئی ہیں، اسکے علاوہ سیاسی جماعتوں اور دیگر محکموں کی جانب سے بغیر پیشگی اجازت کے سرکاری ہورڈنگ پر فلیکس لگانے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ انفارمیشن پبلک ریلیشن آفیسر آشیش رنجن نے کہا کہ سرکاری ہورڈنگ پر اس طرح کی کارروائیاں مکمل طور پر غیر قانونی اور ناقابل قبول ہیں، بغیر اجازت کے فلیکس لگانا یا سرکاری تشہیری مواد کو نقصان پہنچانا نہ صرف سرکاری کام میں رکاوٹ ہے بلکہ اسکیموں کے بارے میں معلومات عام لوگوں تک پہنچانے میں بھی رکاوٹ ہے، ایسی حرکتیں کسی صورت برداشت نہیں کی جائینگی، جسکو لیکر عام شہریوں سے اپیل بھی کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہورڈنگ کے تحفظ میں تعاون کریں اور اگر کہیں بھی ایسی کوئی غیر قانونی سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا دفتر تعلقات عامہ کو آگاہ کریں تاکہ بغیر اجازت سرکاری ہورڈنگ کو نقصان پہنچانے اور فلیکس لگانے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جا سکے ۔

