بہار بند کا بھاگلپور میں رہا ملا جلا اثر

تاثیر 4 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بھاگلپور، 4 ستمبر: دربھنگہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ماں کے بارے میں کیے گئے نازیبا تبصرہ کے خلاف جمعرات کو بلائے گئے بہار بند کا اثر بھاگلپور میں دیکھنے کو ملا۔صبح سے ہی این ڈی اے کی اتحادی پارٹی کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور دکانیں اور آمد ورفت بند کرانے میں مصروف رہے۔ اس دوران سابق راجیہ سبھا ممبر اور جے ڈی یو لیڈر کاہکشاں پروین، بی جے پی کے ضلع صدر سنتوش ساہ، دیپک سنگھ، کش پانڈے، روہت پانڈے، انجینئر شریکانت کشواہا سمیت کئی این ڈی اے لیڈر سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا۔کارکنوں نے مرکزی اور ریاستی حکومت سے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ این ڈی اے کی تمام جماعتوں کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے۔اس دوران کارکنوں نے کہا کہ ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کے اسٹیج سے وزیر اعظم کی والدہ کے خلاف جس طرح سے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا، وہ کسی بھی نقطہ نظر سے قابل معافی نہیں ہے۔ تیجسوی یادو اور راہل گاندھی کو وزیر اعظم اور ملک سے معافی مانگنی ہوگی۔ ان دونوں کے معافی مانگنے تک مرحلہ وار احتجاج جاری رہے گا۔