تاثیر 5 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ریاض،05ستمبر:اسرائیلی اخبار “ہآرٹز” نے کہا ہے کہ غزہ سٹی پر قبضے کے لیے اسرائیلی فوج کی کارروائی کو ریزرو فوجیوں کی تعداد اور عمارتوں کو تباہ کرنے کے لیے ضروری بلڈوزروں کی کمی کا سامنا ہے۔ بدھ کو فوج نے غزہ شہر پر مکمل قبضہ کرنے کے لیے ” عربات جدعون 2″ کے نام سے ایک آپریشن شروع کیا۔اخبار نے نشاندہی کی کہ فوج نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ بلائے گئے زیادہ تر ریزرو فوجی مغربی کنارے اور شمالی اسرائیل میں خدمت کرنے والی باقاعدہ فوجیوں کی جگہ لیں گے۔ شمالی اسرائیل سے اشارہ لبنان اور شام کی طرف تھا۔
اخبار نے مزید کہا کہ لیکن فوج اب غزہ کی پٹی میں کم از کم تین ریزرو بریگیڈز تعینات کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اخبار نے کہا ہے کہ جنگ کے آغاز کے برعکس فوج اب غزہ سٹی پر قبضہ کرنے کے موجودہ آپریشن میں ریزرو فوجیوں کی شرکت کی شرح ظاہر کرنے سے انکار کر رہی ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج بھرتی میں مشکلات کو تسلیم کرتی ہے اور کسی بھی وقت دستیاب فوجیوں کی تعداد کی بنیاد پر آپریشنل منصوبوں میں ترمیم کرنے کی توقع ہے۔اخبار نے نامعلوم ریزرو فوجیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان میں سے کئی پیر کو بھرتی کے اڈوں پر پہنچے لیکن ان کی زیادہ دیر تک خدمات انجام دینے کی توقع نہیں ہے۔ ایک فوجی، جسے بدھ کو بلایا گیا تھا اور وہ جنگ میں حصہ لے گا، نے کہا کہ ہمارے درمیان کوئی واضح انکار نہیں ہے بلکہ ایک مبہم انکار ہے۔ ہر کوئی آتا ہے اور بھرتی کے کاغذات پر دستخط کرتا ہے اور پھر ہر کوئی کمانڈروں کے ساتھ اپنا ذاتی معاہدہ کرتا ہے۔

