برطانیہ کا فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ معاہدہ

تاثیر 9 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

لندن،09ستمبر:فلسطینی صدر محمود عباس نے برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹامر کے فلسطینی ریاست کے اعتراف کے وعدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ یہ اعلان اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل متوقع ہے۔ برطانوی وزیر اعظم کے دفتر کے بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ ایک معاہدہ ہوا ہے کہ مستقبل میں حماس کا کوئی کردار نہیں ہو گا۔ یہ ملاقات پیر کی شام ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ہوئی۔بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ کی خراب صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ اسٹامر نے فوری حل تلاش کرنے، قیدیوں کی رہائی، فوری جنگ بندی اور انسانی امداد میں اضافے پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے برطانیہ اور اس کے شراکت داروں کی کوششوں کو اجاگر کیا تاکہ ایک طویل مدتی حل نکالا جا سکے۔ اس پر دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ یہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لیے پائے دار امن اور استحکام کی واحد راہ ہے۔