سی بی آئی نے 183 کروڑ روپے کے فرضی بینک گارنٹی معاملے میں ایم ڈی سمیت دو لوگوں کو گرفتار کیا

تاثیر 9 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 09 ستمبر: سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے منگل کو مدھیہ پردیش کے اندور میں 183 کروڑ روپے کے فرضی بینک گارنٹی گھوٹالہ کے سلسلے میں نجی کمپنی تیرتھ گوپیکون لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) مہیش کمبھانی اور ایک اور شخص گورو ڈھاکڈ کو گرفتار کیا ہے۔
یہ معاملہ اندور کی ایک کمپنی کی طرف سے مدھیہ پردیش جل نگم لمیٹڈ (ایم پی جے این ایل) کو جعلی بینک گارنٹی جمع کروا کر ایک بڑے مالی فراڈ سے متعلق ہے۔ اس میں سی بی آئی نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے حکم کے بعد تین الگ الگ معاملے درج کیے تھے۔ دونوں گرفتار ملزمان کو جلد ہی اندور کورٹ کے اسپیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
الزام ہے کہ سال 2023 میں یہ کمپنی ریاست کے چھتر پور، ساگر اور ڈنڈوری اضلاع میں کل 974 کروڑ روپے کے تین آبپاشی پروجیکٹوں میں ملوث تھی۔ ان پروجیکٹوں کے ٹھیکے حاصل کرنے کے لیے، کمپنی نے 183.21 کروڑ روپے کی آٹھ جعلی بینک گارنٹی پیش کیں۔ ان ضمانتوں کی بنیاد پر ایم پی جے این ایل نے کمپنی کو ایڈوانس کے طور پر 85 کروڑ روپے دیے۔