وکشت بھارت کی سمت رواں ہندوستانی ریلوے

تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کلکتہ، 11/ ستمبر (محمد نعیم) مرچنٹس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے آج ہوٹل ہندستان انٹرنیشنل میں “ریلوے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ: چیلنجز اور مواقع” کے موضوع پر خصوصی اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر ریلوے بورڈ کے ممبر (آپریشنز و بزنس ڈیولپمنٹ) شری ہتیندر ملہوترا نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کیا۔ اجلاس کی صدارت ایم سی سی آئی کے صدر شری امیت سراؤگی نے کی۔
اپنے خیر مقدمی خطاب میں شری سراؤگی نے کہا کہ ہندوستانی ریلوے ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے جو سات ہزار سے زائد اسٹیشنوں کو جوڑتے ہوئے سالانہ 7 ارب مسافروں اور 1.6 ارب ٹن مال برداری کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے مالی سال 2025-26 کے لیے 2.52 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے ہیں جبکہ 99 فیصد سے زائد براڈ گیج نیٹ ورک کی برقی کاری مکمل ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ریلوے نے وندے بھارت ٹرینوں، فریٹ کوریڈورز اور گرین انرجی منصوبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، تاہم نیٹ ورک کی بھیڑ، فریٹ کی سست رفتاری اور سلامتی کے چیلنجز اب بھی باقی ہیں۔ لیکن کثیر سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ریلویز نہ صرف اپنی کارکردگی بہتر بنا سکتی ہے بلکہ ’’وکشت بھارت‘‘ کے خواب کو بھی تقویت دے سکتی ہے۔
اجلاس میں شری امیش چودھری (ٹیٹاگڑھ ریل سسٹمز لمیٹڈ) اور شری روی اگروال (نیو میٹالکس لمیٹڈ) سمیت مشرقی، جنوب مشرقی اور میٹرو ریلوے کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔