تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
شولاپور، 11 ستمبر:شولاپور شہر اور اطراف کے علاقوں میں گزشتہ رات سے ہوئی زبردست بارش نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے کے باعث شہری و دیہی حصوں میں جمعرات کو سیلاب جیسی صورتحال دیکھی گئی۔ کئی سڑکوں پر ٹریفک درہم برہم رہا اور متعدد گھروں میں دو سے تین فٹ پانی بھر گیا۔
اکل کوٹ روڈ، ملکارجن نگر، جونا ودی گھرکول، مترا نگر اور شیلگی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوا جس پر مقامی لوگ خوف زدہ ہو گئے۔ شولاپور۔اکل کوٹ شاہراہ پر پنجوانی مارکیٹ کے سامنے اور سروس روڈ پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک میں زبردست خلل پڑا۔ شہر کے 256 بنگلے بھی متاثر ہوئے اور نالوں کے اوور فلو سے گندہ پانی گھروں میں گھس گیا جس کی وجہ سے شہری رات بھر بیدار رہے۔
شولاپور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر سچن اومبسے اور ایڈیشنل کمشنر سندیپ کارنجے نے صبح متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں شولاپور میں 118.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے اور مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

