تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
میکسیکو سٹی، 11 ستمبر:میکسیکو میں بدھ کے روز ایک ہائی وے انڈر پاس میں گیس ٹینکر کے دھماکے میں کم از کم تین افراد کی موت اور 70 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ حادثہ اتنا شدید ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔میکسیکو کے ضلع استپالپا میں پیش آنے والے اس حادثے کے بارے میں حکام نے بتایا کہ دھماکے کے بعد ایک بہت بڑی آگ بھڑک اٹھی جس نے قریبی گاڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا اور اس گنجان آباد قصبے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اخبار ’دی نیویارک ٹائمز‘ کے مطابق میئر کلارا بروگاڈا نے آگ لگنے سے زخمی ہونے والوں کی فہرست سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ زخمیوں میں سے کم از کم 19 کی حالت تشویشناک ہے۔ جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد بروگاڈا نے حادثے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دریں اثنا، میکسیکو سٹی کے وزیر داخلہ پابلو وازکوز کامچو نے کہا کہ ٹینکر ڈرائیور کو تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن وہ خطرے سے باہر ہے۔ دھماکے کی وجہ سے آگ کے شعلے قریبی گاڑیوں تک تیزی سے پھیل گئے، جس سے دارالحکومت کے سب سے زیادہ آبادی والے ضلع میں خوف و ہراس پھیل گیا۔عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے بہت سے ہولناک مناظر دیکھے جن میں بہت سے لوگ بری طرح جھلس گئے اور درد سے کراہتے اور بھاگنے کی کوشش میں ہچکولے کھاتے ہوئے دیکھے گئے۔ دوپہر تک فائر فائٹرز نے کسی طرح آگ پر قابو پالیا لیکن آخری اطلاع ملنے تک گیس لیکیج کو روکنے کا کام جاری تھا۔ محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق ٹینکر میں تقریباً 20 ہزار لیٹر ایندھن رہ گیا تھا، دھماکے کی صورت میں سینکڑوں جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔

