تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بالاگھاٹ، 11 ستمبر: مدھیہ پردیش کے ضلع بالاگھاٹ کے لانجی علاقے میں بدھ کی رات سانپ نے گھر میں سورہے باپ اور دو بھائیوں کو ڈس لیا۔ اس واقعے میں دونوں بھائیوں کی موت ہو گئی، جب کہ والد کا گونڈیا اسپتال میں تشویشناک حالت میں علاج چل رہا ہے۔ خاندان کے تین افراد کو کاٹنے کے بعد لوگوں نے سانپ کو مار ڈالا۔ دو بچوں کی موت سے پورے گاوں میں کہرام مچ گیا۔ پولیس نے دونوں بچوں کی لاشیں تحویل میں لے لی ہیں۔یہ واقعہ بدھ کی رات لانجی کے کلپا گاوں میں پیش آیا۔ دنیش دھارے رات کا کھانا کھانے کے بعد اپنے بیٹوں ایشانت (4) اور کنال (7) کے ساتھ سو رہے تھے۔ اچانک دیر رات تینوں کو الٹیاں ہونے لگیں۔ گھر والوں نے پہلے گاوں کے ڈاکٹر کو بلایا۔ ان کی حالت خراب ہونے پر تینوں کو گونڈیا لے جایا گیا۔ ایشانت کی راستے میں ہی موت ہو گئی۔ کنال کی گونڈیا کے ایک نجی اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دونوں کی موت سانپ کے کاٹنے سے ہوئی ہے۔ والد دنیش کی حالت اب بھی نازک ہے۔ واقعے کے بعد اہل خانہ نے گھر میں سانپ کو تلاش کر کے مار ڈالا۔

