تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 12 ستمبر:بہار انتخابات سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی ماں ہیرا بین کا تنازعہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ دربھنگہ میں پہلے گالی گلوچ کے معاملے نے طول پکڑا اور اب آرٹی فیشیئل انٹیلی جینس (اے آئی) کی تیار کردہ ویڈیو نے سیاسی طوفان کھڑا کر دیا ہے۔
کانگریس کی جانب سے مبینہ طور پر جاری کی گئی اس ویڈیو میں وزیر اعظم کو سوتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اس دوران ان کی والدہ کو خواب میں دکھایا یا ہے۔ خواب میں ماں آکر وزیراعظم کو ڈانٹتی ہیں۔ اب ویڈیو کی زبان کو لے کر ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے اس معاملے پر راہل گاندھی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی ماں کا اس طرح سے اے آئی ویڈیو بنانا دھوکہ دہی کا معاملہ ہے، ایسا کرنے والے تحقیقات اور قانونی سزا کے مستحق ہیں۔

