پٹاخوں پر پابندی صرف دہلی-این سی آر تک کیوں محدود ہو، پورے ملک میں کیوں نہیں: سپریم کورٹ

تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 12 ستمبر: پٹاخوں پر پابندی کے معاملے پر سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پابندی صرف دہلی-این سی آر تک کیوں محدود ہو، پورے ملک میں کیوں نہیں۔ چیف جسٹس بی آر گو ئی کی قیادت والی بنچ نے کہا کہ اگر دہلی-این سی آر کے شہروں کو صاف ہوا کا حق ہے تو دوسرے شہروں کے لوگوں کو کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی سے نمٹنے کے لیے جو بھی پالیسی ہے، وہ پورے ملک کے لیے ہونی چاہیے۔ سپریم کورٹ نے دہلی-این سی آر میں پٹاخوں کی فروخت اور ذخیرہ کرنے پر پابندی کے 3 اپریل کے حکم کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ عدالت نے ایئر کوالٹی کنٹرول کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ جب وہ 2024 کے موسم سرما میں امرتسر گئے تھے تو وہاں کی آلودگی دہلی سے بھی زیادہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ پٹاخوں پر پابندی لگانی ہے تو پورے ملک میں لگائی جائے۔ عدالت نے کہا کہ صحت کا حق آئین کے آرٹیکل 21 کا لازمی حصہ ہے۔ اس حق میں آلودگی سے پاک ماحول میں رہنے کا حق بھی شامل ہے۔