تاثیر 15 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سرینگر، 15 ستمبر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز بڈگام ریلوے اسٹیشن پر جوائنٹ پارسل پروڈکٹ ریپڈ کارگو سروس پارسل ٹرین کا باقاعدہ افتتاح کیا، جو جموں و کشمیر سے نئی دہلی تک اشیائے خوردونوش اور دیگر نازک مصنوعات کی ترسیل کے لیے ایک جدید اور موثر سہولت ثابت ہوگی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے کہا کہ اس نئی ٹرین سروس کے ذریعے روزانہ تقریباً 23 سے 24 ٹن سیب اور دیگر خراب ہونے والی اشیاء براہِ راست دہلی تک پہنچائی جا سکیں گی، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ معیشتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے وزیراعظم اور انڈین ریلوے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں وزیراعظم نریندر مودی اور انڈین ریلوے کے شکر گزار ہوں جن کی کاوشوں سے یہ اہم منصوبہ ممکن ہوا ہے۔ اب وادی کے کسانوں اور تاجروں کو اپنی پیداوار دہلی تک براہِ راست اور آسانی سے پہنچانے کا موقع ملا ہے، جو ہمارے علاقے کی معیشت کے لیے بہت بڑا تحفہ ہے۔

