تاثیر 15 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 15 ستمبر:گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت نے آج مہاراشٹر کے گورنر کے طور پر حلف لیا۔ حلف برداری کی یہ تقریب راج بھون ممبئی کے دربار ہال میں منعقد ہوئی۔ بمبئی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس شری چندر شیکھر نے انہیں عہدے کا حلف دلایا، جو انہوں نے سنسکرت میں ادا کیا۔
تقریب میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور دیگر اعلیٰ شخصیات شریک ہوئیں۔ واضح رہے کہ یہ ذمہ داری انہیں اس وقت دی گئی جب سابق گورنر سی پی رادھا کرشنن نے 11 ستمبر کو نائب صدر منتخب ہونے پر استعفیٰ دے دیا۔آچاریہ دیوورت کی عمر 66 برس ہے اور وہ 2019 سے گجرات کے گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ بنیادی طور پر ایک ماہر تعلیم اور آریہ سماج کے فعال پرچارک ہیں اور اس سے قبل ہریانہ کے کروکشیتر میں ایک گروکل کے پرنسپل رہ چکے ہیں۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے رواں ہفتے کے اوائل میں انہیں مہاراشٹر کے گورنر کا اضافی چارج باضابطہ طور پر تفویض کیا۔

