تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) آج روہتاس ضلع میں واقع گوپال نارائن یونیورسٹی جموہار کی طالبات کو عظیم پریم جی فاؤنڈیشن گرلس اسکالرشپ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں ۔ یونیورسٹی کے تعلقات عامہ کے افسر بھوپیندر نارائن سنگھ اور انسانی حقوق کے کارکن سنتوش اپادھیائے نے انمول مدد فراہم کی جہاں پروائی کے سماجی کارکن وویک کمار بھی موجود تھے ۔ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر طلباء کو فیکلٹی آف لاء، فیکلٹی آف ایگریکلچر، فیکلٹی آف مینجمنٹ، اور فیکلٹی آف فارمیسی کا دورہ کرایا گیا تاکہ وہ اس اسکالرشپ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیں ۔ طلباء کو درخواست کے عمل، اہلیت کے معیار اور اسکالرشپ کے فوائد کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا ۔ یہ اسکالرشپ خاص طور پر ان لڑکیوں کے لئے ہے جنہوں نے سرکاری اسکولوں سے 10ویں اور 12ویں جماعت مکمل کی ہے اور فی الحال گریجویٹ یا ڈپلومہ پروگرام میں داخلہ لیا ہوا ہے ۔ منتخب طلباء کو 3 سے 5 سال کے لئے ₹30,000 کی سالانہ گرانٹ ملیگی ۔ یہ مالی امداد ان کی مسلسل اعلیٰ تعلیم کو یقینی بنائیگی اور انہیں خود انحصار بننے کی ترغیب دے گی ۔ پروگرام کے دوران مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اسکالرشپ صرف مالی امداد نہیں ہے بلکہ دیہی اور پسماندہ پس منظر کی ہونہار طالبات کے لئے مواقع کے نئے دروازے کھولنے کا ذریعہ ہے ۔ یہ اقدام تعلیم میں مساوات اور صنفی انصاف کو یقینی بنانے کی جانب ایک مضبوط قدم ہے ۔ اس موقع پر فیکلٹی آف لاء کے ڈین ڈاکٹر ونود کمار سروج، فیکلٹی آف مینجمنٹ کے ڈین ڈاکٹر وویک شرما اور دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مہندر کمار سنگھ اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر جگدیش سنگھ نے اس کام کے لئے شکریہ ادا کیا ۔ اخیر میں یونیورسٹی انتظامیہ اور طلباء نے ایڈوکیسی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مزید طالبات اس سکیم سے مستفید ہونگی اور اپنے خوابوں کو پورا کرینگی ۔

