سیٹلائٹ تصاویر میں غزہ کی تباہی کے ہولناک مناظر سامنے آگئے

تاثیر 21 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

غزہ،21ستمبر:اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ شہر میں سیکڑوں گھروں اور عمارتوں کی مسماری کا سلسلہ جاری ہے۔ سیٹلائٹ تصاویر میں شہر پر ہونے والے فضائی حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے، بالخصوص شیخ رضوان محلے کی پوری کی پوری بستیاں زمین بوس ہو چکی ہیں۔اتوار کو العربیہ/الحدث کے نامہ نگارنے بتایا کہ اسرائیلی بمباری شیخ رضوان، شارع الجلاء ، الزرقاء ، جبالیہ البلد اور شمالی غزہ کے علاقے الکرامہ کے گردونواح میں شدت کے ساتھ جاری رہی۔ نمائندے کے مطابق اسرائیلی فوج نے رہائشی عمارتوں کو تباہ کرنے کی پالیسی اپنائی ہے اور محلے کے اندر بارود سے بھری گاڑیاں دھماکے سے اڑا کر بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی، جیسا کہ جبالیا اور رفح میں ہوا۔
گذشتہ روز اسرائیلی ڈرون طیاروں نے ایک ٹرک کو بھی نشانہ بنایا جس میں بے گھر فلسطینی مواصی کے علاقے کی جانب جا رہے تھے۔ اسرائیلی فوج وہاں زبردستی لوگوں کو منتقل کر رہی ہے، حالانکہ وہاں پانی، خوراک اور پناہ جیسی بنیادی سہولتیں موجود نہیں۔ہزاروں فلسطینی ہارون الرشید شاہراہ کے ذریعے جنوب کی طرف ہجرت پر مجبور ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج رفح اور خان یونس پر اپنی بمباری تیز کیے ہوئے ہے، خاص طور پر موراج فوجی محور پر، جہاں فلسطینی اس انتظار میں کھڑے تھے کہ انسانی امداد کرم ابو سالم کراسنگ کے ذریعے داخل ہو۔حماس کے مطابق اسرائیلی فوج نے 11 اگست سے اب تک غزہ شہر میں 1800 سے زیادہ رہائشی عمارتوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کیا ہے جبکہ بے گھر خاندانوں کے لیے لگائی گئی 13 ہزار سے زائد خیمے بھی ملیامیٹ کر دیے۔غزہ کے مکینوں نے پہلے ہی تصدیق کی تھی کہ اسرائیلی فوج نے الزیتون، التفاح، الشجاعیہ اور شیخ رضوان سمیت کئی علاقوں کو زمین کے برابر کر دیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر نے شیخ رضوان میں درجنوں عمارتوں کی تباہی کو واضح طور پر دکھایا۔