ہر ضرورت مند کو فلاحی اسکیموں کا فائدہ پہنچائیں:وزیر اعلی یوگی

تاثیر 22 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

گورکھپور، 22 ستمبر: وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے شاردیہ نوراتری کے پہلے دن شکتی کی پوجا کرنے سے پہلے عوامی خدمت کی۔ انہوں نے گورکھ ناتھ مندر میں جنتا درشن کا انعقاد کرکے لوگوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے ان کے مسائل سنے اور ان کے موثر حل کے لیے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ جنتا درشن کے دوران وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر ضرورت مند کو حکومت کی فلاحی اسکیموں کا فائدہ ملے۔
پیر کو وزیر اعلی یوگی خود گورکھ ناتھ مندر کے احاطے میں واقع مہنت دگ وجے ناتھ اسمرتی بھون کے سامنے منعقد جنتا درشن میں کرسیوں پر بیٹھے لوگوں کے پاس پہنچے اور ایک ایک کر کے سب کے مسائل سننے کے بعد یقین دلایا کہ ہر مسئلہ کو بروقت، شفاف اور تسلی بخش طریقے سے حل کیا جائے گا۔ جنتا درشن میں وزیر اعلیٰ نے تقریباً 250 لوگوں کے مسائل سنے۔ ان میں بڑی تعداد خواتین کی تھی۔ اس دوران ایک خاتون نے راشن کارڈ نہ ہونے کی پریشانی کے بارے میں بتایا۔ اس پر وزیر اعلی نے فوری طور پر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ خاتون کے مسئلہ کو سنجیدگی سے دیکھیں۔ راشن کارڈ کا انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ اہلیت کے مطابق پنشن اسکیم کا فائدہ بھی فراہم کریں۔