ممبئی کے شہریوں کو پانی کی فکر نہیں، جھیلوں میں 99 فیصد ذخیرہ موجود

تاثیر 22 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 22 ستمبر: ممبئی کی سات جھیلیں رواں مانسون میں بھر جانے کے باعث شہریوں کو پورے سال پانی کی کمی کا سامنا نہیں ہوگا۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے چیف انجینئر پرشوتم مالوادے نے بتایا کہ اس وقت 99.70 فیصد ذخیرہ دستیاب ہے جو شہریوں کی سال بھر کی ضرورت پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔
مودک ساگر اور تانسا جھیلوں کے معائنہ کے موقع پر شہریوں کو بتایا گیا کہ اپر ویترنا، مودک ساگر، تانسا، مدھیہ ویترنا، بھاتسا، وہار اور تلسی جھیلوں میں پانی کا ذخیرہ 99 فیصد ہے۔ ان جھیلوں سے ہر سال تقریباً 1447 ملین لیٹر پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ بڑھتی آبادی کے پیش نظر روزانہ 4600 ملی لیٹر پانی درکار ہے، جبکہ میونسپل کارپوریشن 4000 تا 4100 ملی لیٹر فراہم کرتی ہے۔
مانگ کو پورا کرنے کے لیے گارگئی ڈیم منصوبہ 2020 میں منظور کیا گیا تھا جس پر تین ہزار کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔ اس منصوبے سے ممبئی کو 440 ملین لیٹر اضافی پانی ملے گا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ہدایت دی ہے کہ نیشنل وائلڈ لائف بورڈ میں بلا نقص تجویز پیش کی جائے اور فوری منظوری حاصل کی جائے تاکہ کام کی رفتار تیز ہو۔ منصوبے کے باعث کچھ گاؤں، زمینیں اور درخت متاثر ہوں گے جن کی بحالی پر کام جاری ہے۔