سلطان پور میں مکان کی چھت گرنے سے دو بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق

تاثیر 23 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سلطان پور، 23 ستمبر: اترپردیش کے ضلع سلطان پور میں زیر تعمیر مکان کی چھت پڑتے ہی اچانک بھربھرا کر گر گئی۔ حادثے میں دومزدور حقیقی بھائیوں سمیت تین افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ دو کا علاج سی ایچ سی لمبھوا میں اور دو کا گورنمنٹ میڈیکل کالج میں علاج چل رہا ہے۔ ایودھیا ایس ڈی آر ایف ٹیم کے ساتھ وارانسی کی ٹیم بھی راحت اور بچاو کے کام کے لیے رات دیر گئے موقع پر پہنچ گئی۔ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ضلع کے علاوہ امیٹھی اور پرتاپ گڑھ سے بھی فورسز کو بلایا گیا تھا۔ ڈی ایم ایس پی افسران کے ساتھ موقع پر بچاو کے کام میں لگے رہے۔
ممبئی میں رہنے والے رام تیرتھ دھوریا کا ضلع کی لمبھوا کوتوالی کے تحت دھریامؤ گاؤں میں مکان ہے۔ اس نے گھر کی تعمیر کا ٹھیکہ رام ملن ورما کو دیا تھا۔ پیر کی شام ان کے گھر کی چھت ڈالی جا گئی۔ شام گئے جب کام مکمل ہونے کے بعد مکسر مشین کو کھولا جا رہا تھا تب ہی اچانک چھت کی شٹرنگ کھل گئی اور چھت گر گئی۔ چھت پر پانچ مزدور کام کر رہے تھے۔ ایک درجن کے قریب مزدور مکسر مشین کے پاس کھڑے تھے۔