تاثیر 23 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 23 ستمبر: درگا پوجا سے صرف پانچ دن پہلے موسلا دھار بارش نے کولکاتا میں حالات کو مزید خراب کر دیا ہے۔ پیر کی دیر رات سے ہونے والی مسلسل بارش کی شہر میں جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا ہے۔ قصبہ، وی آئی پی بازار، کاکورگاچھی اور نیو ٹاون سمیت کئی علاقے مکمل طور پر زیر آب آ گئے ہیں۔ سالٹ لیک اور شہر سے ملحقہ دیگر علاقوں میں بھی یہی صورتحال ہے۔
بارش سے ریل خدمات بھی متاثر ہوئیں۔ سیلابی ریلوں کی وجہ سے سیالدہ جنوبی برانچ پر ٹرینوں کی آمدورفت میں خلل پڑا۔ دیگر شاخوں پر ٹرینوں کی رفتار بھی سست رہی۔ صبح کام پر نکلنے والے لوگوں کو گھٹنوں تک گہرے پانی سے گزرنا پڑا۔ کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق علی پور میں پیر کی رات 10:30 بجے سے منگل کی صبح 5 بجے کے درمیان 247.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ مانیکتلہ میں 169 ملی میٹر، توپسیا میں 275 ملی میٹر، الٹا ڈانگا میں 207 ملی میٹر، چنگڑی گھاٹہ میں 237 ملی میٹر، بالی گنج میں 264 ملی میٹر، کالی گھاٹ میں 280.2 ملی میٹر، جودھ پور پارک میں 285 ملی میٹر اور کدم ہلی میں 332 ملی میٹر بارش گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہوئی۔

