تاثیر 24 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لداخ , 24 ستمبر:لداخ میں چھٹے شیڈول کے نفاذ اور ریاستی درجہ کی بحالی کے مطالبے کو لے کر جاری احتجاج کے دوران حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ کرگل ڈیموکریٹک الائنس اور لہیہ اپیکس باڈی کی قیادت میں دی گئی ہڑتال اور احتجاجی کال کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین نے لہیہ ہل کونسل کی عمارت پر پتھراؤ کیا جس کے بعد پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل داغے اور لاٹھی چارج کیا۔ اس دوران بی جے پی دفتر کے باہر ایک سیکورٹی گاڑی کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا۔
یہ احتجاج اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ لہیہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے نمائندوں اور مرکز کے درمیان آئندہ دورِ مذاکرات 6 اکتوبر کو طے ہیں۔ مظاہرین ان مذاکرات کو فوری طور پر آگے بڑھانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 10 ستمبر سے شروع ہونے والی بھوک ہڑتال میں شامل 15 میں سے دو افراد کی طبی حالت بگڑنے پر منگل کی شام انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جس کے بعد نوجوان ونگ نے احتجاج اور مکمل بند کی کال دی تھی۔ اس بھوک ہڑتال کی قیادت ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کر رہے ہیں۔انتظامیہ نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے اضافی فورسز کو تعینات کیا ہے۔

