تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 26 ستمبر: بھارت اور دنیا کے سرفہرست تیر انداز پہلی تیر اندازی پریمیئر لیگ میں شرکت کریں گے، جو 2 سے 12 اکتوبر تک نئی دہلی کے یمنا اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی۔ عالمی اور ایشیائی چمپئن رشبھ یادو لیگ میں شرکت کے لیے پرجوش ہیں۔ پانچ مرتبہ کے اولمپیئن امریکی آرچر بریڈی ایلیسن بھی مقابلے میں شرکت کریں گے۔
یہ لیگ پہلا مخلوط ٹیم ایونٹ ہے، جس میں چھ فرنچائزز شامل ہیں- پرتھوی راج یودھا (دہلی)، راجپوتانا رائلز (راجستھان)، کاکتیہ نائٹس (تلنگانہ)، مائیٹی مراٹھاز (مہاراشٹرا)، چیرو آرچرز (جھارکھنڈ) اور چولا چیفس (تمل ناڈو) ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کریں گے۔گروگرام کے رشبھ یادو، جو کمپاؤنڈ مردوں کے زمرے میں چولا چیفس کے لیے کھیلیں گے، نے کہا،’تیر اندازی پریمیئر لیگ ہمارے کھیل کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔ یہ کھلاڑیوں کو ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کرے گا اور تیر اندازی کو ملک بھر کے شائقین کے قریب لائے گا۔رشبھ یادو نے بھی حال ہی میں جیوتی سریکھا وینم کے ساتھ مخلوط ٹیم ورلڈ ریکارڈ (1431 پوائنٹس) اور انفرادی طور پر 716 پوائنٹس کا بہترین ریکارڈ قائم کیا۔ اگست 2025 میں، اس نے عالمی کھیلوں میں ہندوستان کا پہلا انفرادی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔

