تاثیر 27 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کٹیہار، 27 ستمبر:بہار میں کٹیہار ضلع کے سمیلی بلاک کے نریا پنچایت واقع پلس ٹو دھرم پور گاندھی ہائی اسکول احاطہ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے 406.12 کروڑ روپے کی کل 458 اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔
ان منصوبوں میں73.59 کروڑ کی 220 اسکیموں کا افتتاح اور332.53 کروڑ کی 238 اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھنا شامل ہے۔ ان میں کٹیہار ریلوے ڈویڑن میں ریلوے لیول کراسنگ پر روڈ اوور برج کی تعمیر اور گوگابیل جھیل کو سیاحتی مقام کے طور پر تحفظ اور خوبصورتی جیسے بڑے منصوبے شامل تھے۔
وزیر اعلیٰ نے پروگرام میں موجود جیویکا دیدی، پنشنر استفادہ کنندگان اور دیگر مستحقین کی بڑی تعداد سے بات چیت کی۔ مستحقین نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت اہم ریلیف ملا ہے، جیسے کسان مشیروں کے اعزازیہ میں اضافہ، رسوئیوں کے اعزازیہ میں اضافہ، اور پنشن کی رقم میں اضافہ وغیرہ شامل ہے۔

