دراندازوں کو چن چن کر باہر نکالیں گے: امت شاہ

تاثیر 27 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 27 ستمبر: آئندہ بہار اسمبلی انتخابات کو لیکر این ڈی اے نے اپنی اپنی حکمت عملی کو تیز کر دیا ہے۔ ہفتہ کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے فاربس گنج میں کوسی، پورنیہ اور بھاگلپور علاقوں میں منڈل سطح پر بی جے پی کارکنوں سے بات چیت کی۔انہوں نے بی جے پی کارکنوں کو جوش دلاتے ہوئے اپوزیشن پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی اور لالو پرساد یادو کے لیے یہ انتخاب صرف اقتدار حاصل کرنے کے لیے ہے، لیکن بی جے پی کے لیے یہ بہار کو دراندازی سے آزاد کرنے اور ریاست میں سیلاب کی تباہی کا مستقل حل فراہم کرنے کے بارے میں ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ اگر بہار کے عوام این ڈی اے کو دو تہائی اکثریت دیتے ہیں تو بی جے پی ہر درانداز کو چن چن کر نکال دے گی۔کانگریس اور آر جے ڈی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لالو اینڈ کمپنی نے بہار کو لوٹا، گھوٹالے کئے اور اب دراندازوں کو ووٹ کا حق دینے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے گزشتہ 11 سالوں میں بدعنوانی سے پاک اور شفاف حکمرانی فراہم کی ہے۔ اپوزیشن بدعنوان کا ایک بھی الزام لگانے میں ناکام رہی ہے۔ راہل گاندھی کے دوروں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد دراندازوں کو ووٹر لسٹ سے بچانا ہے، جب کہ بی جے پی کا عزم انہیں باہر نکالنا ہے۔
وزیر اعظم مودی کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بہار میں مکھانہ بورڈ کا قیام، بھاگلپور میں 2400 میگاواٹ پاور پلانٹ، پورنیہ ہوائی اڈہ، اور کوسی لنک پروجیکٹ جیسی اسکیمیں نافذ کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کا مسئلہ اب آبپاشی کے مواقع میں تبدیل ہو جائے گا۔