ہندوستان-بھوٹان نے دو نئے ریل کنیکٹیویٹی پروجیکٹوں پر 4,033 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کیے

تاثیر 29 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 29 ستمبر:ہندوستان اور بھوٹان جلد ہی ریل کے ذریعہ مزید منسلک ہوجائیں گے۔ دونوں ممالک نے پیر کو 90 کلومیٹر طویل دو نئی ریلوے لائنوں کی تعمیر پر اتفاق کیا اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کرنے کا اعلان کیا۔ ان پروجیکٹوں پر کل 4,033 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
خارجہ سکریٹری وکرم مصری اور ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے نئی دہلی میں نیشنل میڈیا سینٹر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔
ریلوے کے وزیر وشنو نے بتایا کہ پہلا پروجیکٹ، کوکراجھار (آسام) – گیلیفو (بھوٹان) نئی ریل لائن، 69 کلومیٹر لمبی ہوگی اور اس میں 3,456 کروڑ (یو ایس ڈالر3.4 بلین) کی سرمایہ کاری شامل ہوگی۔ اسے چار سال میں مکمل کیا جائے گا۔ اس لائن سے آسام کے کوکراجھار اور چرانگ اضلاع اور بھوٹان کے ضلع سرپانگ کو فائدہ پہنچے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے مسافروں اور مال بردار ٹریفک میں بہتری آئے گی۔ بھوٹان میں جیلیفو کے علاقے کو فی الحال ایک “مائنڈفلنس سٹی” کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ نئی ریل لائن شہر کی اہمیت کو مزید بڑھا دے گی اور ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں کا ایک نیا مرکز بن سکتی ہے۔