تاثیر 3 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
برسلز،03 اکتوبر:یورپی یونین نے یمن کے جنوب میں خلیج عدن کے اندر حوثیوں کی جانب سے ایک ڈچ تجارتی جہاز پر کیے گئے حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس سے جہاز کے عملے کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوا۔یورپی یونین کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں کہا “ہم 29 ستمبر کو خلیج عدن میں ڈچ پرچم بردار تجارتی جہاز (MINERVA GRACHT) پر حوثیوں کے حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں”۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حملے سے جہاز کے عملے کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں، جس کے بعد یورپی یونین کے بحری مشن (Aspides) کی مدد سے عملے کو بحفاظت نکالا گیا۔ یہ مشن سمندری گزرگاہوں کی آزادی کے دفاعی اختیارات کے تحت کام کرتا ہے۔یورپی یونین کے ترجمان نے زور دیا کہ ان سمندری حملوں کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے، کیونکہ یہ “بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں، علاقائی امن و استحکام کو خطرے میں ڈالتے ہیں اور عالمی تجارت اور بحری جہازرانی کی آزادی پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں”۔ بیان میں کہا گیا کہ حوثیوں کی جانب سے بحری کارروائیوں میں مسلسل اضافہ سب سے پہلے یمنی عوام کو نقصان پہنچا رہا ہے کیونکہ “یہ حملے یمن کی انسانی صورتِ حال کو مزید سنگین بنا رہے ہیں اور امن کے امکانات کو کمزور کر رہے ہیں”۔

