تاثیر 3 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 3 اکتوبر:مدھیہ پردیش کے پنا ضلع کے پوئی تھانہ علاقے میں موہندرا روڈ کے کھمریا موڑ پر جمعرات کی دیر شام ایک تیز رفتار بولیرو کار نے دسہرہ کے موقع پر دیوی درگا مورتی وسرجن کرنے کے لیے جا رہے لوگوں کے ہجوم کو روند دیا۔ حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر کہرام مچ گیا۔ مقامی لوگوں اور پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر پوئی ہیلتھ سنٹر پہنچایا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو کٹنی ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزم بولیرو ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ دریں اثنا جمعہ کی صبح مشتعل گاوں والوں نے معاوضہ اور سرکاری ملازمت کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی۔ پولیس اور انتظامیہ گاوں والوں کو سمجھا بجھا کر جام کھلوانے کی کوشش کر رہی ہے۔

