بنگلہ دیش کی عبوری حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے: ہندوستان

تاثیر 3 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 3 اکتوبر: ہندوستان نے جمعرات کو بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے امور داخلہ کے مشیر جہانگیر عالم چودھری کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے پڑوسی ملک کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سرزمین میں انتہا پسندوں کے تشدد کی سنجیدہ تحقیقات کرے۔ بھارت نے کہا کہ عبوری حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا، “ہم ان جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔ عبوری حکومت بنگلہ دیش میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مسلسل الزام تراشی کی کوشش کرتی ہے۔” انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی حکومت کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ مقامی انتہا پسندوں کی کارروائیوں کا خود جائزہ لے اور سنجیدگی سے تحقیقات کرے جو چٹاگانگ پہاڑی علاقوں میں اقلیتی برادریوں کے خلاف تشدد، آتش زنی اور زمینوں پر قبضے کو ہوا دے رہے ہیں۔