اسرائیلی فوج کا شمالی غزہ سے راکٹ داغے جانے کا دعویٰ

تاثیر 7 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

تل ابیب،07اکتوبر:اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی کے شمال سے ایک راکٹ داغا گیا۔ یہ کارروائی 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے دو سال پورے ہونے کے موقع پر کی گئی۔فوج نے ایک بیان میں کہا “نتیف ہعسراء کے علاقے میں (جنوبی اسرائیل میں، غزہ کی سرحد کے قریب) میں کچھ دیر پہلے سائرن بجنے کے بعد، شمالی غزہ سے اسرائیلی علاقے کی جانب ایک راکٹ داغے جانے کا پتا چلا، غالب گمان ہے کہ یہ راکٹ اسی علاقے میں گر گیا”۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ “تا حال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی”۔دوسری جانب مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ میں ثالثوں اور حماس کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا پہلا دور پیر اور منگل کی درمیانی شب اختتام پذیر ہوا۔ یہ مذاکرات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ منصوبے کے تحت غزہ میں جنگ بندی کے لیے جاری ہیں۔ منگل کے روز بھی بالواسطہ بات چیت کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔