تاثیر 1 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، یکم نومبر: بہار اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہفتہ کے روز بیگو سرائے کے بچھواڑا اسمبلی حلقے میں ایک پرجوش عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ انہوں نے کانگریس امیدوار شیو پرکاش غریب داس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی اور ریاستی و مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی۔پرینکا گاندھی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’’بہار کے عوام آج ہجرت کے درد میں زندگی گزار رہے ہیں۔ یہاں کے کسان اپنے لہلہاتے کھیت چھوڑ کر دوسرے صوبوں میں مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ مہنگائی عروج پر ہے، ٹیکسوں کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے، اور عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’حکومت نے عوام کے حصے کی دولت چند سرمایہ دار دوستوں کو سونپ دی ہے۔ جو صنعتیں ملک کی تھیں، جن سے کروڑوں لوگوں کو روزگار ملتا تھا، وہ سب بیچ دی گئیں۔ ہر شعبہ ٹھیکے پر دے دیا گیا ہے اور نجکاری کے نام پر عوام کا حق چھین لیا گیا ہے۔‘‘پرینکا گاندھی نے نتیش کمار اور نریندر مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا، ’’بیس برسوں سے حکومت چلانے کے بعد بھی اب کہہ رہے ہیں کہ ڈیڑھ کروڑ نوکریاں دیں گے۔ جب اتنے سال اقتدار میں تھے تو کیوں نہیں دی؟ ان کے وعدے کھوکھلے ہیں، چھوٹے کاروبار ختم ہو گئے، عوام کا جو کچھ تھا وہ اپنے دوستوں کو بیچ دیا گیا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’عوام کے دل میں خوف ہے۔ آج لوگ سوچتے ہیں کہ علاج کہاں کرائیں؟ بچوں کی پرورش کیسے کریں؟ بہار میں خواتین کی حالت بد سے بدتر ہو چکی ہے۔ وہ گھر، کھیت اور خاندان سب کچھ سنبھالتی ہیں، مگر ان کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی۔‘‘ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی ڈبل انجن حکومت کی بات کرتے ہیں مگر آپ کی کوئی سنوائی نہیں ہے، حتیٰ کہ آپ کے وزیر اعلیٰ کی بھی نہیں۔ ساری طاقت دہلی کے ہاتھوں میں ہے اور آپ کی زمینیں کوڑیوں کے دام بیچی جا رہی ہیں۔‘‘

