تاثیر 7 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 7 نومبر:آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے ایک نیوز چینل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ اس بار بہار کی خواتین تبدیلی کے حق میں فیصلہ کر چکی ہیں اور کسی لالچ یا رشوت سے متاثر نہیں ہوں گی۔ ان کے مطابق، حکومت ووٹ حاصل کرنے کے لیے خواتین کو 10 ہزار روپے کی رشوت دے رہی ہے لیکن عوام کے ذہن میں تبدیلی کی خواہش کہیں زیادہ مضبوط ہے۔
بہار میں پہلے مرحلہ کے تحت کل ووٹنگ مکمل ہو چکی ہے، جس کے بعد ایک چینل کو دئے گئے انٹرویو میں تیجسوی یادو نے کہا، ’’بہار کی مائیں اور بہنیں اب سب کچھ سمجھ چکی ہیں۔ وہ جانتی ہیں کہ صرف چند ہزار روپے لینے سے ان کے بیٹوں کو روزگار نہیں ملے گا۔ اس بار وہ اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ووٹ دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’’بہار کے لوگ، خاص طور پر خواتین، اس وقت سب سے بڑی تبدیلی کی طاقت بن چکی ہیں۔ جو لوگ باہر مزدوری کے لیے جاتے ہیں، ان کی مائیں چاہتی ہیں کہ وہ بہار میں ہی کام کریں۔ وہ اس وقت ایک ہی بات کہہ رہی ہیں تبدیلی ہو کر رہے گی۔‘‘

