تاثیر 9 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھاگلپور ( منہاج عالم ) بیہہ پور اسمبلی حلقہ میں جن سوراج پارٹی کے امیدوار پون چودھری کے موٹر سائیکل روڈ شو نے نوجوانوں کی زبردست شرکت سے پورے حلقے میں سیاسی جذبات کی لہر دوڑا دی اور واضح پیغام چھوڑ گیا کہ اس مرتبہ انتخابی معرکہ کچھ مختلف ہونے والا ہے۔ روڈ شو کے دوران پون چودھری نے اپنے خطاب میں ماضی کے سیاسی حالات اور حلقے میں بدلتی ہوئی سیاست کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کی خدمت اور رہنمائی نے یہاں کے بعض مقامی لیڈروں کو پہچان دی مگر پھر بھاجپا نے انہی کا وہ مقام بھول کر لوگوں کی توقعات پر پورا نہ اترا۔پون چودھری نے بتایا کہ میرے اسلاف نے بھاجپا کو اس حلقے میں پروان چڑھایا، ہمارے گھر سے بڑے بڑے بھاجپا لیڈرز نے نئی جہتیں حاصل کیں۔اشونی چوبے جیسے رہنماؤں کو اجاگر کرنے میں ہمارے گھر کا بہت اہم کردار رہا،لیکن افسوس کہ بھاجپا نے اس گھر کو فراموش کر دیا اور عوام کو مایوس کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ماضی کے بعض بھاجپا لیڈر ان کی ترجیح پر ممبر اسمبلی بنے مگر عوامی خدمت کا معیار برقرار نہ رکھا گیا۔پون چودھری نے آگے کہا کہ اس بار جن سوراج پارٹی نے انہیں موقع دیا ہے اور عوامی حمایت پانے کی صورت حال بہت سازگار نظر آتی ہے۔اگر بھگوان نے موقع دیا تو یہہہ پور حلقہ جن سوراج پارٹی کے پرچم تلے ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، انھوں نے کارکنان اور نوجوانوں سے بھرپور شرکت اور بھرپور حمایت کی اپیل کی۔خطاب کے دوران نوجوانوں کی ولولہ انگیز موجودگی اور جوش و خروش نے واضح کیا کہ حلقے میں تبدیلی کی خواہش مضبوط ہے۔روڈ شو کے شرکاء نے پون چودھری کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک سنجیدہ اور محنتی متبادل نظر آتا ہے جو مقامی مسائل خصوصاً روزگار، بنیادی ڈھانچے اور نوجوانوں کے مستقبل کے متعلق عملی انداز میں حل کر سکے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اگر پن چودھری اسی جوش و خروش کو منظم انداز میں ووٹ بینک میں تبدیل کریں تو بیہہ پور کی سیاست میں اس بار غیر روایتی منظرنامہ سامنے آ سکتا ہے۔

