ڈونلڈ ٹرمپ کا جنوبی افریقہ میں سفید فام افراد پر مبینہ مظالم کے خلاف جی20 کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلان

تاثیر 9 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،09نومبر(ہ س)۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنوبی افریقہ میں سفید فام افراد پر ہونے والے مبینہ مظالم کے خلاف احتجاج کے طور جوہانسبرگ میں ہونے والے جی 20 کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ جنوبی افریقہ جی 20 اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ خیال رہے کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں کے رہنما اس ماہ کے آخر میں جوہانسبرگ میں جمع ہوں گے۔
جنوبی افریقہ کی وزارت خارجہ نے وائٹ ہاوس کے فیصلے کو ’افسوسناک‘ قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کرسپین فیری نے بی بی سی نیوز کو بتایا کہ جی20 سربراہی اجلاس کی کامیابی کسی ’ایک رکن ریاست کی شمولیت پر منحصر نہیں۔‘جنوبی افریقہ کی کسی سیاسی جماعت نے یہ دعویٰ نہیں کیا ہے کہ جنوبی افریقہ میں نسل کشی ہو رہی ہے۔ اس میں وہ جماعتیں شامل ہیں جو افریکانرز اور سفید فام کمیونٹی کی نمائندگی کرتی ہیں۔