مدھیہ پردیش کے رتلام میں دہلی -ممبئی ایکسپریس وے پر تیز رفتار کار کھائی میں گری، پانچ افراد ہلاک

تاثیر 14 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

رتلام/ بھوپال، 14 نومبر: مدھیہ پردیش کے رتلام ضلع میں راوٹی تھانہ کے تحت دہلی -ممبئی ایکسپریس وے پر جمعہ کی صبح ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔ اس حادثے میں کار میں سوار پانچ لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں 15 سال کا ایک کم عمر لڑکا اور 60 سالہ ایک بزرگ بھی شامل ہے۔ ہلاک شدگان میں مہاراشٹر کے چار افراد اور وڈودرا کا ایک نوجوان شامل ہے۔ واقعہ صبح تقریباً 8 بجے کا بتایا جا رہا ہے۔ حادثہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق کار میں سوار چار لوگ ممبئی اور ایک گجرات کے وڈودرا کا رہنے والا تھا۔ پانچوں لوگ دہلی سے ممبئی جا رہے تھے۔ اسی دوران دہلی -ممبئی ایکسپریس وے پر راوٹی سے 10 کلومیٹر دور بھیم پورا گاؤں میں، ماہی ندی کے پل کے پاس حادثہ ہو گیا۔ کار نمبر ایم ایچ 03 ای ایل 1388 ایکسپریس وے پر اچانک بے قابو ہوگئی اور پل کی ریلنگ توڑ کر نیچے گہری کھائی میں جا گری۔