تاثیر 14 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 14 نومبر: مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کے اینٹ کھیڑی علاقے میں منعقد ہونے والا چار روزہ 78 واں عالمی تبلیغی اجتماع جمعہ کو نمازفجر کے ساتھ شروع ہو گیا ہے۔ نماز کے بعد مولانا ہارون صاحب کی تقریر کے ساتھ اس سال کے چار روزہ مذہبی اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ یہ اجتماع 14 سے 17 نومبر تک جاری رہے گا۔ پیر، 17 نومبر کو صبح دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوگا۔
اس بار اجتماع میں تقریباً 12 لاکھ شرکا کے پہنچنے کی امید ہے۔ انڈونیشیا، کینیا، ملیشیا، سعودی عرب، ایران، مراکش سمیت 19 ملکوں سے جماعتیں اس اجتماع میں شامل ہونے کے لیے بھوپال پہنچ چکی ہیں اور ابھی بھی لوگوں کی آمد جاری ہے۔ اس بار اجتماع کا انتظام پہلے سے زیادہ بڑا اور منظم ہے۔ مرکزی پنڈال 120 ایکڑ میں، پارکنگ 350 ایکڑ میں بنائی گئی ہے اور پورا اجتماع علاقہ تقریباً 600 ایکڑ میں پھیلا ہوا ہے۔

