تاثیر 15 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
گیا، 15/ نومبر (تاثیر بیورو) بہار میں این ڈی اے اتحاد کی نمایاں شراکت دار ہندوستانی عوام مورچہ (ہَم) نے گیا میں زبردست کامیابی درج کی ہے۔ شہر میں ترقیاتی کاموں اور عوامی بہبود کے منصوبوں نے سیاسی ماحول میں نئی حرارت پیدا کی ہے، جس کی جھلک انتخابی نتائج میں صاف دکھائی دی۔
اس تعلق سے ہَم کے سرپرست اور مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
“عوام، خصوصاً ہمارے اقلیتی بھائیوں نے ہم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے آنکھ بند کرکے ترقی کی رفتار کو مضبوط بنانے کے لیے ہمارا ساتھ دیا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ مخالف جماعتوں کے شور، انتشار اور بدعنوانی کے الزامات کے باوجود عوام نے خوف زدہ ہوئے بغیر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا اور صحیح فیصلہ کیا۔
این ڈی اے کے اہم اتحادی ہَم کے مغربی بنگال ریاستی صدر سندیپ دھر نے بہار کے عوام، پارٹی کارکنان اور قومی صدر کو اس کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ ترقی، شمولیت اور دیانت دار سیاست ہی عوام کا اصل منشور ہے۔
گیا سمیت مختلف علاقوں میں ہَم کی بڑھتی مقبولیت نے این ڈی اے اتحاد کو مضبوط سہارا دینے کے ساتھ ساتھ سیاسی منظرنامے میں نئی توانائی بھی بھر دی ہے۔

