تاثیر 16 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ارریہ(راحیل عرفان) جوکیہاٹ نگر پنچایت میں واقع علاقے کا معروف و مشہور تعلیمی و تربیتی انگریزی میڈیم اسکول، سرسید اکیڈمی میں یوم اطفال بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ یوم اطفال کے موقع پر بچوں کے بیچ کھیل کود لیکچرز سمیت دیگر دلچسپ مسابقتی مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر سر سید اکیڈمی کے نوجوان ڈائریکٹر الحاج مولانا عبدالسلام عادل ندوی نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کے مستقبل ہیں اور ملک کو آگے لے جانے کے لیے آپ کا مضبوط ہونا نہایت ہی ضروری ہے۔ آپ کے روشن مستقبل سے ہی ملک کا مستقبل تابناک ہو سکتا ہے، لہذا اپنے مستقبل کو سنوارنے کے لیے صحت و تعلیم پر خاص توجہ کے ساتھ ساتھ اچھے ماحول میں رہیں۔ مسٹر ندوی نے طلبہ کو تعلیم میں لگن کے ساتھ خوب محنت کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہ تعلیم صرف کتابیں پڑھنا نہیں ہے بلکہ زندگی کے ہر پہلو میں کچھ نیا سیکھنا ہے۔ وہیں پرنسپل نے بھی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے طلبہ سے کہا کہ تعلیم زندگی کا سب سے اہم حصہ ہے۔ یہ آپ کو دنیا کو سمجھنے کے قابل بناتا ہے، اسی لیے تعلیم کے لیے سخت محنت کریں، سیکھیں اور اپنے خاندان، سماج اور ملک کا نام روشن کریں. اس موقع پر معراج عالم، ستارہ عبد، رفعت جہاں، ذوالفقار، آفتاب عالم، شعیب اختر، عبدالمطلب اور ناظمین ناز سمیت سبھی ٹیچرز و بچوں کے گارجین موجود تھے۔

