جھارکھنڈ کے سابق ڈی جی پی انوراگ گپتا کے خلاف ڈورنڈا تھانے میں شکایت درج

تاثیر 18 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

رانچی، 18 نومبر: جھارکھنڈ کے سابق پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) انوراگ گپتا کے خلاف ڈورنڈا تھانے میں شکایت درج کی گئی ہے۔ یہ شکایت جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے وکیل راجیو کمار نے دائر کی تھی۔ انہوں نے سابق ڈی جی پی پر اپنی مدت کار میں منظم جرائم اور بدعنوانی میں ملوث ہونے کے سنسنی خیز الزامات عائد کئے ہیں جن میں کروڑوں روپے کی غیر قانونی جبری وصولی اور جرائم پیشہ تنظیموں کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزامات شامل ہیں۔
ایڈوکیٹ راجیو کمار نے اپنی شکایت میں دعویٰ کیا ہے کہ سابق ڈی جی پی انوراگ گپتا نے جھارکھنڈ کے بدنام زمانہ بدمعاش سجیت سنہا اور دیگر کے ساتھ مل کر ’’کوئلانچل شانتی سمیتی‘‘ کے نام سے ایک مجرمانہ تنظیم بنائی۔ الزام ہے کہ ڈی جی پی کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے بالواسطہ طور پر اس سب سے بڑی مجرمانہ تنظیم کو چلایا اور ریاست بھر میں کوئلہ کے تاجروں، ٹھیکیداروں، ٹرانسپورٹروں، ڈاکٹروں اور کاروباریوں سے کروڑوں روپے کی غیر قانونی طور پروصولی کی ۔